ممبئی، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے تشہیری مہم پورے زور و شور سے جاری ہے۔ اس دوران ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ’’افسوس کی بات ہے کہ ملک کے وزیر اعظم گزشتہ 10 سال سے یہی دہرا رہے ہیں کہ اگر آپ متحد رہیں گے تو محفوظ رہیں گے۔‘‘ سنجے سنگھ نے یہ بیان مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار کی حمایت میں منعقدہ ایک جلسے میں دیا۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’یہ بھارتیہ جیب کترا پارٹی ہے۔ یہاں مراٹھی لوگوں میں غصہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے جی کی پارٹی توڑی گئی، ان کے تیر کمان کی چوری کی گئی۔ ان کے اراکین اسمبلی کو چرا لیا گیا۔ شرد پوار کی پارٹی بھی توڑی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مہاراشٹر کی عوام کے ساتھ وزیر اعظم سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپے کا پروجیکٹ مہاراشٹر سے اٹھا کر گجرات لے کر چلے گئے۔ آج مہاراشٹر میں بے روزگاری نمبر 1 پر ہے، آج کسانوں کی خود کشی کے معاملے میں بھی ریاست ایک نمبر پر ہے۔ آپ نے ہی ریاست میں یہ حالت پیدا کی ہے۔ آج چھترپتی شیواجی مہاراج کی مورتی بنانے میں بھی لوگ بدعنوانی کر رہے ہیں۔‘‘
سنجے سنگھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کے وزیر اعظم 10 سال اقتدار میں رہنے کے بعد کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ متحد رہیں گے تو محفوظ رہیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ ہندوؤں کو بزدل سمجھتے ہیں اور خود کو بھی بزدل سمجھتے ہیں۔ اگر آپ ملک کے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرا سکتے تو آپ کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ آپ کو اس عہدہ پر بنے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘ سنجے سنگھ نے مہاراشٹر کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ بنٹے نہیں اور بی جے پی کو نہیں ہرایا تو آپ کی جیب کٹ جائے گی۔ لوگوں کو 110 روپے کا پٹرول ملا اور 100 روپے کا ڈیزل ملا، 250 روپے کا سرسوں تیل ملا اور 300 روپے کا ٹماٹر ملا۔ یہ سب ہم نے کب دیکھا، بی جے پی کی حکومت میں ہی دیکھا۔‘‘